ملتان: سوئی ناردرن گیس یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس، ملتان نے جنرل منیجر کی خصوصی ہدایات کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں کامیاب کاروائیاں کرتے ہوئے پانچ غیر قانونی میٹر منقطع کیے اور پانچ اضافی ایکسٹینشنز کو ہٹا دیا۔ ان کارروائیوں کا مقصد یو ایف جی  کنٹرول کرنا اور صارفین کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکنا تھا۔ تفصیلات کے مطابق میٹر کی منتقلی کی خلاف ورزی دو ایسے صارفین جنہوں نے اپنے میٹر سروس لائن سے دور خود ہی منتقل کر رکھے تھے، ان کی خلاف ورزی کو مدِنظر رکھتے ہوئے فوری ایکشن لیتے ہوئے ان کے میٹر منقطع کر دیے گئے۔ تین صارفین جو بلنگ نہ ہونے کی وجہ سے نان بلنگ کیٹیگری میں تھے، ان میں سے دو کے میٹر موقع پر موجود پائے گئے، جنہیں فوراً منقطع کیا گیا۔ جبکہ تیسرے نان بلنگ صارف کا میٹر اس کے گھر میں موجود پایا گیا جو قبضہ میں لے کر مزید کسی غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لئے ضبط کر لیا گیا۔ پانچ صارفین ایسے بھی پائے گئے جو غیر قانونی طور پر ایک سے زیادہ گھروں کو گیس فراہم کر رہے تھے۔ ان کے ربڑ پائپ اتار دیے گئے تاکہ مزید غیر قانونی گیس کی فراہمی روکی جا سکے۔ تمام پانچ میٹروں کے حوالے سے محکمانہ کارروائی کی سفارشات بھی تیار کر لی گئی ہیں، تاکہ مستقبل میں ایسے معاملات کو روکا جا سکے۔ یہ کاروائیاں سوئی ناردرن گیس کمپنی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور صارفین کی جانب سے کسی بھی غیر قانونی اقدامات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کی گئیں۔ کمپنی عوام کو گیس کے ضیاع اور ناجائز استعمال سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔