ملتان(صفدربخاری سے) معروف ماہر امراض دل،ہارمون،شوگر و بلڈ پریشر ڈاکٹر محمد اکمل مدنی پرائیوٹ ڈاکٹر ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے بورڈ أف ڈائریکٹر کے چئیرمین نامزد، پرائیوٹ ڈاکٹر ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے صدر ڈاکٹر عرفان پراچہ اور سنئیر نائب صدر ڈاکٹر اسماعیل بشیر نے اُن سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے کہا کہ میڈیکل پروفیشن کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو سنبھالنے کے لیے ڈاکٹروں کے ملک گیر اتحاد کی ضرورت ہے،پرائیوٹ ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر روا نہیں رکھ رہے مگر اس کے باوجود حکومتی سطح پر ان کی خدمات کا اُس طرح اعتراف نہیں کیا جارہا جس طرح کرنے کی ضرورت ہے میں بطور چئیرمین بورڈ أف ڈائریکٹر کی حیثیت سے پرائیوٹ ڈکٹروں کو درپیش مسائل کے حل اور ڈاکٹرز کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی ہر ممکن کوشش کروں گا کیونکہ جب تک ہم لوگ متحد نہیں ہوں گے تب تک مسائل و پریشانیوں کا شکار ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کئیر کمیشن کی طرف سے جو پرائیوٹ ڈاکٹروں کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کیا جارہا ہے اس کو بھی ختم کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر صدر ڈاکٹر عرفان پراچہ اور سینئر نائب صدر ڈاکٹر اسماعیل بشیر نے کہا کہ پرائیوٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اتائیت کے خاتمے کیلئے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ساتھ مل کر بھر پور کردار ادا کررہی ہے،ہماری تنظیم کا مقصد بلا تفریق تمام ڈاکٹروں کے حقوق کے حصول کے لیے کام کرتے ہوئے اُن کو درپیش مسائل حل کرانا ہے تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ پرائیوٹ ڈاکٹرز کم مراعات اور سہولیات کے باوجود جو دکھی انسانیت کی خدمت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں وہ کسی سے بھی ڈھکے چھپے نہیں ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے حکومتی سطح پر ہمارے کردار اور کام کو سراہا جائے۔