ملتان(صفدربخاری سے)  پروفیسر ڈاکٹر طارق عباس، سربراہ، CPEIC ملتان اور کنوینر، PHL ، پروفیسر ڈاکٹر کاشف علی ہاشمی، کوکنوینر ڈاکٹر اکرام فرید لنگڑیال، چیف آرگنائزر ،ڈاکٹر سہیل سلیمی، جنرل سیکرٹری،ڈاکٹر حمزہ غفور، کوآرڈینیٹرنے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ ہم سب کے لیے یہ ایک بڑا اعزاز ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ملتان میں پاکستان ہائپرٹینشن لیگ (PHL) کا یہ اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے،میری جانب سے تمام مقامی فیکلٹی کے سربراہان، پروفیسرز، اور ممبران کو خوش آمدید کہنا چاہوں گا جو اس ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ میں خاص طور پر اپنے ادارے کی انتظامیہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم، اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس پروگرام کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔ساتھ ہی، میں تمام صحافی حضرات، میڈیا نمائندوں، اور سیکیورٹی فورسز، خاص طور پر پولیس ڈیپارٹمنٹ کے حکام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس ایونٹ کو محفوظ اور کامیاب بنانے میں مدد فراہم کی۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارے سیکیورٹی ادارے اس پروگرام کے دوران اپنی بہترین خدمات فراہم کریں گے۔اس کے علاوہ، میں نہایت فخر کے ساتھ ہمارے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق، جو پاکستان ہائپرٹینشن لیگ کے سربراہ ہیں، کو بھی خوش آمدید کہتا ہوں۔ ان کی موجودگی ہمارے لیے باعث عزت ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ان کے تجربات اور رہنمائی سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔میں تمام شرکاٗ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس تین روزہ ایونٹ میں بھرپور شرکت کریں تاکہ ہم سب مل کر ہائپرٹینشن سے بچاؤ اور علاج کے لیے آگاہی کو فروغ دے سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر کاشف علی ہاشمی نے کہا کہ ہائپرٹینشن ایک ایسی بیماری ہے جو دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو متاثر کرتی ہے اور پاکستان میں بھی اس کا اثر بہت زیادہ ہے۔ ہمارا مقصد اس بیماری کے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنا ہے تاکہ لوگ اس کے خطرات کو پہچان سکیں اور بروقت علاج کی طرف قدم بڑھا سکیں،ڈاکٹر اکرام فرید لنگریال نے کہا کہ اس پروگرام میں ہم مختلف سیشنز، ورکشاپس، اور سیمینارز کا انعقاد کریں گے تاکہ ڈاکٹرز، ہیلتھ پروفیشنلز، اور عوام کو ہائپرٹینشن کی وجوہات، علامات، اور علاج کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل ہو،ڈاکٹر حمزہ غفور نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ہم عوام کو ہائپرٹینشن کے متعلق جدید ترین معلومات فراہم کریں اور اس بیماری سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کی تربیت دیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر شہری اپنی صحت کے بارے میں باخبر ہو اور ایک صحت مند زندگی گزار سکے،ڈاکٹر سہیل سلیمی نے کہا کہ پی ایچ ایل کے اس اجلاس میں شرکت کرنے والے ماہرین دنیا بھر سے اپنے تجربات اور علم کا تبادلہ کریں گے تاکہ پاکستان میں ہائپرٹینشن کی روک تھام کے لیے مزید بہتر حکمت عملی تیار کی جا سکے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ اجلاس ملک میں صحت کے شعبے میں ایک مثبت تبدیلی کا باعث بنے گا،پروفیسر ڈاکٹر طارق عباس نے کہا کہ آخر میں، میں ایک بار پھر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ آپ اس تین روزہ ایونٹ کی کوریج کریں اور عوام تک اس اہم مسئلے کی آگاہی پہنچائیں۔ ہمیں امید ہے کہ آپ کے تعاون سے ہم اس مشن کو کامیاب بنا سکیں گے۔