ملتان: سابق وائس چانسلر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود انصاری نے کہا ہے کہ تعلیم معاشرے میں شعور و اگاہی اور ترقی کا بنیادی ذریعہ ہے، لہذا ملک کے ہر بچے کو معیاری اور یکساں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے. انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی تعلیمی خدمات لائق تحسین ہیں۔ وہ تدریسی مقاصد کے حصول کے لیے ہمیشہ سرگرم عمل رہتے ہیں۔ ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ ٹیچرز کمیونٹی کے لیے رول ماڈل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعور ترقیاتی تنظیم ، سول سوسائٹی فورم، ملتان پیس فورم اور چوپال ارگنائزیشن کے زیر اہتمام معروف ماہر تعلیم ، سوشل ریفارمر و پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول لاڑ ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب اعتراف خدمات “میری کہانی میری زبانی” سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا . تقریب سے شاہد محمود انصاری، میاں نعیم ارشد، ظفر خان بابر ، منور کمال، رب نواز خان، امجد حسین انصاری ، ڈاکٹر حمید اللہ ذوالقرنین ، محبوب اشرف، ملک جاوید اختر ، ملک امیر نواز ، ڈاکٹر زاہد ذوالفقار، چوہدری منصور احمد ایڈوکیٹ ، ملک محمد یوسف، حکیم اقبال بلوچ، راؤ شرافت علی نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر طارق محمود انصاری نے مزید کہا کہ تعلیمی شعبہ میں بہتری کے لیے اساتذہ کرام اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں تاکہ پاکستان کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے راستہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے انتہائی کم عرصے میں اسکول کا نقشہ بدل دیا ہے۔ ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان مقاصد کی تکمیل کے لیے محنت اور لگن کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ والدین اور اساتذہ کرام بچوں کی کردار سازی پر توجہ دیں تاکہ مستقبل میں وہ مفید شہری بن سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری کامیابی مسلسل جدوجہد سے عبارت ہے۔ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، دن رات کام کر کے ہم دور حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔ شاہد محمود انصاری اور میاں نعیم ارشد نے کہا کہ ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی علمی، ادبی ،سماجی اور پیشہ وارانہ خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ۔ وہ صرف بہترین استاد ہی نہیں بلکہ اچھے انسان بھی ہیں۔ ایثار، قربانی، ہمدردی اور فرض شناسی ان کی زندگی کے نمایاں پہلو ہیں۔