ملتان : بلوچستان میں تیئیس سرائیکی مزدوروں کے قتل کے خلاف سرائیکی تنظیموں کے احتجاجی مظاہرے جاری ۔ سرائیکستان نوجوان تحریک نے چیئرمین مہر مظہر عباس کات کی قیادت میں خانیوال روڑ بند کر کے شدید احتجاج کیا۔مظاہرین نے بینر اٹھا رکھا تھا جس پر تیئیس سرائیکی مزدوروں کی مظلومانہ شہادت پر ریاست اور پاک فوج سے ملک دشمنوں کے خلاف فوری آپریشن کر کے جہنم واصل کرنے کے نعرے درج تھے مظاہرین نے ،ظالموں جواب دو خون کا حساب دو، سرائیکی مزدوروں کے قاتل مردہ باد ،پاک فوج کے قاتل مردہ باد ،ملک دشمن مردہ باد کی پرجوش نعرے بازی کی۔مظاہرین سے چیئرمین مہر مظہر کات ،ڈویزنل صدر مہر ظفر اقبال ہراج ،ضلعی صدر ملک سلیم بوسن ،رانا نعیم اور صابر خان بلوچ نے خطاب کیا اس موقع پر مہر مظہر کات ،مہر ظفر ہراج و دیگر نے کہا کہ سرائیکی وسیب کے مزدور پنجاب اور تخت لاہور کی غاصبانہ قبضے کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں اور ہر سال بلوچ اور پختون سرائیکی مزدوروں کو پنجاب کے شناختی کارڈ کی وجہ سے قتل کر دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سرائیکی وسیب کے تمام وسائل پنجاب لوٹ رہا ہے جس کی وجہ سے سرائیکی وسیب کے غریب مجبور ہو کر دوسرے صوبوں میں روزی کے لیے جاتے ہیں مگر وہاں پنجابی سمجھ کر قتل کر دیا جاتا ہے سرائیکی راہنماؤں نے کہا کہ ریاستی ادارے جلد سے جلد ہمارا آئینی حق صوبہ سرائیکستان دے کر تخت لاہور کے قبضے سے جان چھڑائیں تاکہ ہماری دوسرے صوبوں سے لاشیں نہ آئیں۔مہر مظہر کات نے کہا کہ پاک فوج ملک دشمن ماہ رنگ بلوچ اور اس کی دہشت گرد ٹیم اور پختون دہشت گردوں کے خلاف فوری آپریشن کرکے ان دہشت گردوں کو جہنم واصل کرے اور ملک میں امن قائم کرے۔مہر مظہر کات نے کہا کہ حکومت شہداء کے ورثا کو پانچ پانچ کروڑ فوری ادا کرے۔سرائیکی راہنماوں نے وسیب کے مردہ ضمیر مفاد پرست ممبران اسمبلی کے گھروں کے گھیراؤ کرنے کا بھی اعلان کیا جن کی اتنے بڑے ظلم پر بھی غیرت نہیں جاگی ۔مظاہرے میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔