لاہور:  لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ معاہدے ختم ہونے والی آئی پی پیز کو فارغ کیا جائے۔  امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو انکم ٹیکس میں بھی چھوٹ دی گئی ہے، تمام جماعتوں نے آئی پی پیز کو انکم ٹیکس میں چھوٹ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو بنانے اور چلانے والوں میں ساری جماعتیں شامل ہیں، جن آئی پی پیز کے معاہدے ختم ہو گئے ان کو فارغ کریں۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر پارٹیوں میں ذاتیات اور مفادات والی سیاست شروع ہو گئی ہے، ہم نے قومی ایجنڈا تشکیل دیا ہے، دھرنے کے بعد کاونٹ ڈاون میں 28 دن باقی رہ گئے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز لگا کر پیسے لئے جا رہے ہیں، حکومت تنخواہ دار طبقے کا ٹیکس ختم نہیں کر سکتی؟ جس کے پاس حکومت آتی ہے وہ مراعات یافتہ طبقے کو ہی فائدہ پہنچاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پورے عمل میں سارے شریک جرم ہیں، عوام کے اصل مسائل پر صرف جماعت اسلامی کام کر رہی ہے۔