پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کا دن منایا گیا،،ملتان میں یورپی یونین سمیت مختلف آرگنائزیشنز کی مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب میں شرکت
ملتان: پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کا دن منایا گیا۔ شہر اولیا ملتان میں بھی یورپی یونین ،ڈبلیو ایچ ایچ اور فارمرز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے سماجی تنظیموں دی شیلٹر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن ،ہیلپ آرگنائزیشن ،رئیل ویژن اور ڈسٹرکٹ سول سوسائٹی نیٹ ورک کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ ،سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ،ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے افسران و اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف سماجی شخصیت آپا زہرہ سجاد حیدر زیدی نے کہا کہ یہ دن انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور انسانیت کی گراں قدر خدمات کے دوران اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد دہانی کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ سوشل ویلفیئر آفیسر محمد اقبال سہو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی رہنمائی اور مختلف سماجی تنظیموں کے تعاون سے یہ دن ہر سال منایا جاتا ہے۔ یہ تاریخ 2003 میں عراق کے شہر بغداد میں ایک بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے 22 انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی المناک موت کو یاد کرنے کے لیے منتخب کی گئی تھی ۔ پروگرام منیجر (ایف ڈی او ) علی اعجاز نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے دن کا مقصد عالمی سطح پر انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم افراد کی لگن کو پہچاننا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ یہ اس بات پر زور دیتا ہے کہ انسانیت کی خدمت کسی مخصوص شخص، تنظیم یا دن تک محدود نہیں ہے۔ بلکہ ہر کوئی اپنے اپنے طریقے سے اس نیک مقصد میں حصہ ڈال سکتا ہے.ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد بلال نے کہا کہ انسانی ہمدردی کا عالمی دن ہر سال 19 اگست کو منایا جاتا ہے، جس کا مقصد انسانی ہمدردی کے کارکنوں اور تنظیموں کی محنت اور لگن کو سراہنا ہے۔ اقوام متحدہ نے 2009 میں اس دن کا آغاز کیا تاکہ دنیا بھر میں فلاح و بہبود کی کوششوں کو تسلیم کیا جا سکے۔ اس سال کا تھیم جنگوں کے دوران شہریوں کی حفاظت پر مرکوز ہے۔ 2024 کی مہم کے لیے #Act For Humanity ہیش ٹیگ کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ اس اہم ایجنڈے کو فروغ دیا جا سکے۔ڈسٹرکٹ سول سوسائٹی نیٹ ورک کی جانب سے نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے پلوشہ نے کہا کہ ماضی میں بھی نوجوانوں نے انسانیت کی بے لوث خدمات سر انجام دیں اور اس وقت نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد مختلف شعبہء زندگی میں انسانیت کی خدمات سر انجام دینے میں مصروف عمل ہے۔تقریب سے میاں توقیر طالب ،طارق گردیزی ،محمد رضوان اعوان،حنا عباس،اسماء ارم،میڈم خالدہ ،میاں اشفاق ندیم،جواد امین،امیتاز شاہ، و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔






































Visit Today : 25
Visit Yesterday : 513
This Month : 14248
This Year : 62084
Total Visit : 167072
Hits Today : 108
Total Hits : 856473
Who's Online : 1




















