ملتان: جشن ازادی کے موقع پر مہمان خصوصی سینیئر سماجی رہنما میاں نعیم ارشد نے گورنمنٹ سٹینڈرڈ ماڈل سکول میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا ۔ 20 سے زائد پھل دار ، سایہ دار اور پھول دار پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر سکول کے ہیڈ ماسٹر مقبول احمد، محمد طارق، محمد رمضان، راؤ شمشاد علی، محمد اکرم اور محمد عارف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مہمان خصوصی میاں نعیم ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان کی ہدایت پر سرکاری سکولوں اور محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ملتان کے زیر نگرانی ملتان شہر کی سماجی تنظیمیں شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔ ملتان کی گرمی کے توڑ کے لیے شجرکاری احسن قدم ہے ۔ میاں نعیم ارشد نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ماحولیاتی الودگی کے خاتمے کے لیے ملک کو سرسبز و شاداب بنانا ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا میں الودہ ترین ملک ہے۔ ماحول کی الودگی سے ہمارا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے۔ نئی نسل کے بہتر اور خوشگوار مستقبل کے لیے ملک کو سرسبز و شاداب بنائیں، یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔