ملتان : وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت، پلانٹ اے ٹری فار پاکستان اور ضلعی انتظامیہ کے ویژن ،کلین ،گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں سماجی تنظیم ہیلتھ ایجوکیشن اینڈ لیگل پروٹیکشن (HELP) کے زیر اہتمام،یورپین یونین،ڈبلیو ایچ ایچ اور فارمرز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(FDO) کے تعاون سے جشن آزادی شجرکاری مہم کے موقع پر یونین کونسل نمبر 13 بہاری کالونی میں سرکاری سکولوں اور دفاتر میں سینکڑوں پودے لگائے گئے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شیخ محمد رفیق نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے۔ ہم سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے باہمی تعاون سے شجرکاری کر کے پاکستان کو عملی طور پر سر سبز و شاداب ریاست بنائیں گے ۔گرین کور میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن میں سرکاری سطح اور نجی لوگوں کے تعاون سے سینکڑوں درخت لگائے جارہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوشل ویلفیئر آفیسر محمد اقبال سہو نے کہا کہ شجرکاری مہم وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک کو بدترین کلائمنٹ چینج کا سامنا ہے۔ مرکزی صدرچیمبر آف پاکستان تاجر اتحاد ملک خالد بھٹہ نے کہا کہ نسل نو کی بقا کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے۔صدر انجمن تاجران جاوید خان نے کہا کہ سماجی تنظیمیں کسی نعمت سے کم نہیں۔انہون نے ھیلپ آرگنائزیشن اور دی شیلٹر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی یونین کونسل بہاری کالونی میں خدمات کو سراہا۔پرنسپل گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول نمبر 3 ڈاکٹر ملک امجد بھٹہ نے کہا کہ سکول میں پودے لگانے کیساتھ ان کی حفاظت کا میکنزم بھی بنایا گیا ہے تاکہ دورس نتائج سامنے آئیں۔سی ای او ھیلپ آرگنائزیشن اشفاق ندیم نے کہا کہ ان کی تنظیم نے یہ عہد کیا ہے کہ پاں نہیں چھاں پر عملی مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور طریقے سے شجرکاری کی جائے تاکہ سر سبز پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ تقریب سے میاں توقیر طالب (ایف ڈی او) سید طارق گردیزی (ایف ڈی او) ‘ سی ای او دی شیلٹر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن محمد رضوان اعوان،جنرل سیکرٹری دی شیلٹر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن حنا عباس،اسماء ارم ،میڈم خالدہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی ۔بعد ازاں ڈی ای او شیخ محمد رفیق ودیگر نے سکول میں پودے لگائے۔اس موقع پر جشن آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ملکی ترقی و سلامتی کیلئے دعا مانگی گئی ۔