لاہور:  پاکستان کی صحافی خواتین کی خدمات انتہائی قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے نا مساعد حالات کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔پنجاب حکومت انکے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ انکے ساتھ کھڑی رہے گی۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نیشنل وویمن جرنلسٹ فورم (نجف) اور عورتوں کے حقوق کی تنظیم ”وائز” کے زیر اہتمام ”خواتین صحافیوں کو درپیش مسائل، پیش رفت اور انکا حل” کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے کیا۔ تقریب سے خطاب میں عظمیٰ بخاری نے کہامیں خواتین کو مضبوط کرنے میں ہر طرح سے انکے ساتھ ہوں۔ میں بخوبی واقف ہوں کہ خواتین کو کس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میری جعلی ویڈیو کے حوالے سے مجھے بہت سے لوگوں نے کہا کہ خاموش ہو جاؤں لیکن میں نے دوسری خواتین کو سامنے رکھتے ہوئے اس ایشو پہ آواز اٹھائی۔مجھے یہ انصاف اپنے لیے نہیں بلکہ تمام خواتین کے لیے چاہیے۔میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے درخواست کروں گی کہ ترجیحی بنیاد پر صحافی خواتین  کے مسائل حل کیے جائیں جس میں خواتین کے لیے سفری بس پاس اور صحت کی سہولیات اور اپنا گھر جیسی سکیم میں خواتین صحافیوں کے لیے خصوصی کوٹہ رکھا جائے۔