اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے صنم جاوید کی بریت سے متعلق ڈیوٹی مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل واپس لے لی جبکہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اپیل واپس لینے کی بنیاد پر نمٹادی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج افضل مجوکا نے صنم جاوید کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کے خلاف ایف آئی اے کی اپیل پر سماعت کی جبکہ صنم جاوید اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔صنم جاوید نے جج افضل مجوکا سے مکالمہ کیا کہ عدت کیس میں آپ نے احسان کیا، آپ کا شکریہ، جس پر جج افضل مجوکا کا کہنا تھا کہ میں نے انصاف کیا، کسی پر احسان نہیں کیا۔ جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ وکلا نے دلائل دیے اور میں نے قانون کے مطابق فیصلہ کیا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر شیخ عامر عدالت میں پیش ہوئے، ایف آئی اے نے ڈیوٹی مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل واپس لے لی جبکہ عدالت نے اپیل واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ یاد رہے کہ 14 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما صنم جاوید کو ڈسچارج کر دیا تھا۔