پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم دوبارہ صوبے میں امن وامان قائم کریں گے اور دہشت گردی کا مقابلہ جاری رہے گا،  جس پارٹی نے سب سے زیادہ ووٹ لیے ہوں اس پر پابندی عائد کرنا بہکی بہکی باتیں کرنے کے مترادف ہے۔شب عاشور کے موقع پر کوہاٹی چوک پشاورمیں قائم سپریم کمانڈپوسٹ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت  کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ  دہشت گردی بڑا مسئلہ اور چیلنج ہے ، سب مل کر کام کررہے ہیں ، عوام اور سیکیورٹی فورسز قربانیاں دے رہے ہیں ، ہم فرنٹ فٹ پر اسے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں ہم نے پہلے بھی امن قائم کیا ،ڈیڑھ سال کا جوگیپ آیا اس میں حالات خراب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب عجیب وغریب بیانات دے رہے ہیں ، ان سے معیشت ، ڈالر ،مہنگائی ، امن وامان کنٹرول نہیں ہورہا ، صوبائی حکومت کو پیسہ نہیں دے رہے ہیں جو ہمارا حق ہے ، ہم ان کو کیا جواب دیں ان کی باتوں کی کوئی حیثیت ہی نہیں،  ہمیں سپریم کورٹ میں آئینی موقف میں جیت ہوئی ہے ، ہم سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دینا چاہیے۔