ملتان :  تحریکِ انصاف کی رہنما و حلقہ این اے 148 کی امیدوار ڈاکٹر روبینہ اختر نے تمام اہلِ وطن کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ نیا سال پاکستان کے لیے سیاسی مفاہمت، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو، انہوں نے کہا کہ خدا کرے نیا سال قوم کے لیے امن، استحکام اور خوشیوں کا پیغام لے کر آئے، ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا کہ 2025 اپنے دامن میں بہت سی پریشانیاں اور خوشیاں سمیٹے ہوئے اختتام پذیر ہوا، اگرچہ سیاسی طور پر فضا کشیدہ رہی، تاہم اسی سال پاکستان نے جس طرح ہندوستان کو جنگ میں شکست فاش دی، اس نے پوری قوم کو خوشی اور فخر سے سرشار کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی نے قوم کے حوصلے بلند کیے اور پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا، انہوں نے مزید کہا کہ آج سے شروع ہونے والا نیا سال مزید خوشیاں لے کر آئے اور یہ سال سیاسی مفاہمت کا سال بنے، عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ اسی صورت ممکن ہے جب مذاکرات کو مثبت انداز میں، دونوں اطراف کی باہمی رضامندی سے آگے بڑھایا جائے، انہوں نے زور دیا کہ سیاسی مسائل کا حل تصادم نہیں بلکہ بات چیت اور مفاہمت میں ہے، ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو افواجِ پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، تاکہ ایک خوشحال، مستحکم اور مضبوط پاکستان کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنان کے ہمراہ نئے سال کی خوشی میں منعقدہ کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران کیا، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ تقریب میں انور بی بی، شاہدہ، عنبرین، سمیرا رفیق، عالیہ سمیت دیگر کارکنان نے شرکت کی۔