ملتان: بھٹہ مزدوروں کے حقوق پر عہد آرگنائزیشن کی اہم ورکشاپ ، بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے: ڈاکٹر اقصیٰ ہاشمی
ملتان: عہد آرگنائزیشن کے زیر اہتمام بھٹہ مزدوروں کو درپیش مسائل، چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر ایک جامع مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سماجی تنظیموں سول سوسائٹی کے نمائندگان، لیبر تنظیموں کے نمائندگان اور بھٹہ مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے عہد آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اقصیٰ ہاشمی نے کہا کہ بھٹہ مزدور ہمارے معاشرے کا سب سے زیادہ استحصال کا شکار طبقہ ہیں، جو برسوں سے جبری مشقت، قرض در قرض، کم اجرت، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور سماجی تحفظ سے محرومی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان اور بین الاقوامی قوانین کے باوجود بھٹہ مزدوروں کے حقوق کا عملی نفاذ نہ ہونا ایک لمحۂ فکریہ ہے۔ ڈاکٹر اقصیٰ ہاشمی نے مزید کہا کہ بھٹہ مزدوروں کی اکثریت تعلیم، صحت، صاف پانی اور رہائش جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہے، جس کے باعث ان کی آنے والی نسلیں بھی اسی استحصالی نظام میں جکڑی رہتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت، متعلقہ ادارے اور نجی شعبہ مل کر بھٹہ مزدوروں کے لیے مؤثر قانون سازی، کم از کم اجرت پر عمل درآمد اور سماجی تحفظ کے نظام کو یقینی بنائیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر عہد آرگنائزیشن ڈاکٹر اقصی ہاشمی نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کو قانونی آگاہی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے حقوق سے واقف ہو سکیں اور استحصال کے خلاف آواز اٹھا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عہد آرگنائزیشن بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، بحالی اور بااختیار بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ورکشاپ کے اختتام پر ڈاکٹر اقصیٰ ہاشمی ، مصور نقوی ، جواد علی ، میاں عبداللہ ، ریحان ہاشمی ، محمد خالد ، محمد وقاص خان ، محمد ابرار ، محمد قاسم ، ملک اسلم لابر ، محمد وارث ، اللہ بچایا، محمد رشید ،نے تجاویز پیش کیں جن میں بھٹہ مزدوروں کی رجسٹریشن، بچوں کی تعلیم، خواتین مزدوروں کے تحفظ، اور سرکاری اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مشاورتی ورکشاپس بھٹہ مزدوروں کے مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوں گی۔








































Visit Today : 254
Visit Yesterday : 525
This Month : 9069
This Year : 56905
Total Visit : 161893
Hits Today : 760
Total Hits : 761364
Who's Online : 5






















