ملتان (صفدربخاری سے ) پاک فوج ہمارا فخر ہے۔ 9مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، سیاسی لائحہ عمل کا اعلان اگلی پریس کانفرنس میں کریں گے۔ تحریک انصاف کے 9 سابق اراکین صوبائی اسمبلی کا ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب ، پارٹی چھوڑنے کا اعلان نہ کیا۔ تحریک انصاف کے سابق اراکین اسمبلی عون حمید ڈوگر حلقہ پی پی 276 مظفر گڑھ، نیاز دستی حلقہ پی پی 271 مظفر گڑھ، عبدالحئی دستی حلقہ پی پی 270 مظفر گڑھ، ظہیر الدین علیزئی حلقہ پی پی 214 ملتان، قیصر عباس حلقہ پی پی 282 لیہ، علمدار قریشی حلقہ پی ہی 277 مظفر گڑھ، محمد اشرف حلقہ پی پی 279 کوٹ ادو، جہانزیب وارن بہاولپور اور ملک مجتبی حلقہ پی پی 210 جہانیاں نے پریس کلب ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 9مئی کے واقعات کی بھر پور مذمت کی تاہم پارٹی چھوڑنے کا اعلان نہ کیا۔ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم یہاں ملکی افواج سے یکجہتی کیلئے آئے ہیں۔سیاسی لائحہ عمل کا اعلان اگلی پریس کانفرنس میں کریں گے۔چند شرپسندوں کی وجہ سے ملک کو نقصان نہیں ہوگا۔ پاکستان ہے تو سب کچھ ہے ورنہ کچھ نہیں۔ ارشد رند نے کہا کہ سب سے پہلے ریاست پھر سیاست۔ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ہم 10لوگ بارش کا پہلا قطرہ ہیں۔پورا پاکستان ان پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کر رہا ہے۔ ظہیر الدین علیزئی نے کہا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہے۔ 9 مئی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں۔ قیصر خان مگسی نے کہا کہ سرحدوں پر فوج اپنے لیئے نہیں ہمارے لیئے لڑ رہی ہے۔ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔کوئی بھی شخص ملک دشمن کے ساتھ نہیں ہو سکتا۔

با خبر ذرائع کے مطابق 9 سابق ارکان اسمبلی تحریک انصاف حقیقی میں شامل ہوگئے ہیں