ملتان (صفدربخاری سے)انجمن تاجران جنرل بس سٹینڈ اور آل ملتان ویگن ٹرانسپورٹ اونرر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک بڑی ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت انجمن تاجران جنرل بس سٹینڈ کے چیئرمین رانا محمد اصغر نے کی ریلی میں شیخ راشد،مقصود رحمانی ،محمد قمر ،یونس باقر،محمد وسیم ،محمد خرم ،ملک ساجد، رانا عابد،رانا ادریس،رانا سجاد ،رانا اسامہ ،رانا علیم،رانا عاصم ،رانا سعد، شیخ سلیم ،راجہ ریاض،صابر قر یشی ،شکور رحما نی ،سردار ارشاد ،چو ہدری اعظم ،شیخ خاور، مہر خورشید سیال قاصی ریاض، ودیگر شریک تھے ۔ ریلی کے شرکا نے 9 مئی کے واقعات اور شر پسند عناصر کے خلاف جبکہ افواج پاکستان اور سکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کے حق میں خوب نعرے بازی کی گئی ۔ ریلی کے شرکا نے جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا 200 فٹ لمبا قومی پرچم لہرا کر افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا ۔ اس موقع پر ریلی کے شرکا سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے رانا محمد اصغر صدر نے کہا کہ 9 مئی کو ملک میں رونما ہونے والے واقعات کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ افواج پاکستان کے خلاف جو مہم جوئی کی گئی ایسی تو کبھی بھارت سے بھی نہیں کی گئی ۔ ہم اس دہشت گردانہ واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جن لوگوں نے سرکاری اور فوجی املاک ، جناح ہاس ، شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کی ہے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ 9 مئی تاریخ کا سیاہ دن تھا جب شرپسند عناصر کی جانب سے افواج پاکستان کے دفاتر اور شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا گیا ۔ فوجی تنصیبات پر حملے افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں ۔ قوم چیف آف آرمی سٹاف اور قابل فخر عسکری قیادت کے صبر وتحمل اور مثبت حکمت عملی پر خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی شرپسند عناصر کے خلاف متفقہ حکمت عملی اور پالیسی کاخیر مقدم کرتے ہیں ۔ اب شہریوں کو چاہیے کہ ذمہ دار شہری ہونے کا مظاہرہ کریں اپنے بچوں پر نظررکھیں ۔ ملکی استحکام اور سلامتی کے لیے بچوں کی منفی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے بچوں کی ذہن سازی کریں ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اندرونی وبیرونی ملک دشمنوں کی طرف سے پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے کی بھی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ افواج پاکستان نے ملک کی خاطر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔ اس لئے آج ہم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ پاک فوج کو کمزور کرنے والے بلا شبہ غیر ملکی قوتوں کے اعلی کار ہیں اور ملک دشمن ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوجی املاک پر حملے کرنے اور جلا گھیرا کے بعد توڑ پھوڑ کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ پھر کوئی بھی ملک دشمن قوتوں کا اعلی کار بننے کی جرات نہ کرے ۔ کیونکہ اگر پاک فوج ہے تو ملک ہے اور ملک ہے تو ہم سب ہیں ۔ اس موقع پر پاک فوج کے حق میں اور شہداکے حق میں خوب نعرے بازی کی گئی ۔ ریلی کے شرکا نے اپیل کی کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر پاک فوج سے اظہار یک جہتی کے لئے ریلیاں نکالی جائیں تاکہ سازشی شرپسند عناصر کو سبق مل سکے ۔