ڈیزل کی قیمتوں اور بھاری ٹیکسز نے ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو بحران میں ڈال دیا : آفتاب احمد شیخ
ملتان : گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ملتان اتحاد گروپ کے جنرل سیکرٹری آفتاب احمد شیخ نے ڈیزل کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں، بھاری ٹیکسوں اور ٹول پلازوں کی فیسوں کو ٹرانسپورٹ انڈسٹری کے لیے “ناقابلِ برداشت بوجھ” قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری ریلیف نہ دیا تو ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز احتجاج اور ہڑتال پر جانے پر مجبور ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور حکومت کو سب سے زیادہ ریونیو فراہم کرنے والے شعبوں میں شامل ہے، مگر اس کے باوجود ٹرانسپورٹرز شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمتیں پہلے ہی 416 سے 417 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہیں جبکہ مزید 40 سے 45 روپے اضافے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، جس سے ٹرانسپورٹ انڈسٹری چلانا تقریباً ناممکن بنتا جا رہا ہے۔انہوں نے حکومت کی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وزیرِ پٹرولیم لیویز اور ٹیکسز بڑھانے کا جواز آئی ایم ایف کو قرار دیتے ہیں، جبکہ دوسری جانب تمام معاشی فیصلے بھی بیرونی دباؤ کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر بجٹ سے لے کر ٹیکسوں تک ہر فیصلہ آئی ایم ایف کی شرائط پر ہونا ہے تو پھر عوام اور کاروباری طبقے کا تحفظ کون کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز پر مختلف قسم کے ٹیکسز، بھاری جرمانے اور ٹول پلازوں کے اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں جبکہ فیکٹری مالکان اور انڈسٹریز ڈیزل کی قیمتوں کے تناسب سے کرایوں میں اضافہ نہیں کرتیں، جس سے ٹرانسپورٹرز شدید خسارے کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو بچانے کے لیے فوری طور پر ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی جائے، ٹول پلازوں پر خصوصی رعایت دی جائے، اضافی ٹیکسز ختم کیے جائیں اور بھاری جرمانوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ٹرانسپورٹرز ملک گیر احتجاج اور ہڑتال کی کال دینے پر مجبور ہوں گے، جس کے اثرات ملکی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔








































Visit Today : 352
Visit Yesterday : 558
This Month : 6345
This Year : 70064
Total Visit : 175052
Hits Today : 12256
Total Hits : 985245
Who's Online : 5























