یروشلم :اسرائیلی صدر اسحاق ہرتصوغ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل ایک ’خونی اور مشکل جنگ‘ لڑ رہا ہے۔  ان کا یہ بیان 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والے تنازع کے 6 ماہ مکمل ہونے کے موقع پر سامنے آیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق صدر نے حماس کے 7 اکتوبر حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج صبح 6:29 بجے کو ہم ظالمانہ دہشت گرد حملے اور ہولناک قتلِ عام کے 6 ماہ مکمل کر رہے ہیں۔اسرائیلی صدر نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ’ہماری بہنوں اور بھائیوں، ریاست اور انسانیت کے خلاف اس جرم کو نصف سال مکمل ہو گیا ہے، ایک خونی اور مشکل جنگ کے 6 ماہ۔یاد رہے کہ فوج کی طرف سے غزہ میں یرغمال اسرائیلی شہری ایلاد کتزیر کی لاش برآمدگی کے اعلان کے بعد ہرتصوغ کا بیان سامنے آیا ہے۔ ایلاد کتزیر نامی اسرائیلی یرغمالی کے بارے میں فوج نے بتایا کہ اسے جنوری میں غزہ میں قید کے دوران قتل کر دیا گیا تھا۔ اسرائیلی صدر کا بیان جس وقت سامنے آیا ہے وہیں دوسری جانب دسیوں ہزار اسرائیلیوں نے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے غزہ جنگ سے نمٹنے کے طریقے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔