فواد چوہدری کی 2 روزہ ضمانت منظور، اسلام آباد کی حدود میں درج کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی 2 روزہ ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ خصوصی میسنجر کے ذریعے آئی جی اسلام آباد کو بھی آرڈر کی کاپیاں ارسال کی جائیں، عدالت نے حکم دیا ہے کہ فواد چوہدری کو اسلام آباد کی حدود میں درج کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے ، کسی ایسے مقدمے میں بھی گرفتاری عمل میں نہ لائی جائے جس کا علم فواد چوہدری کو نہیں ہے ۔ خیال رہے کہ آج سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کی تھی جس پر وہ عدالت سے باہر نکل کر جیسے ہی گھر جانے کیلئے گاڑی میں بیٹھے تو اسلام آباد پولیس کا ایک دستہ ان کی جانب بڑھا، فواد چوہدری خطرہ بھانپتے ہی گاڑی سے فوری نکلے اور بھاگتے ہوئے عدالتی احاطے میں پناہ لے لی، بھاگنے کے دوران فواد چوہدری کا سانس پھول گیا مگر انہوں نے پرواہ نہیں کی اور جسٹس گل حسن اورنگزیب کے کمرہ عدالت میں پہنچ گئے۔ جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ فواد چوہدری کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے ۔