ملتان: صوبائی زکوٰۃ کونسل کی جانب سے پنجاب بھر میں ضلعی سطح پر ہر ماہ یوم زکوٰۃ منانے کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد مخیر افراد کو بنکوں کے ذریعے زکوٰۃ کی کٹوتی کے لئے قائل کرنا ہے تاکہ مستحقین کی امداد کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔ اس سلسلہ میں ضلع زکوٰۃ کمیٹی ملتان میں یوم زکوٰۃ 16 مئی کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر ملتان محمد اسماعیل سیال نے کی جبکہ ضلع ملتان سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندگان اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر کا کہنا تھا کہ پنجاب ایک گنجان آباد صوبہ ہے جس میں غربت کی شرح کافی زیادہ ہے۔ محکمہ زکوٰۃ وعشر کے پاس موجود زکوٰۃ بجٹ غربت کی شرح کے مقابلے میں ناکافی ہے اس رقم میں اضافے کی یقیناً ضرورت ہے لیکن اس میں اضافہ تب ہی ممکن ہے جب صاحب استطاعت لوگ ماہ رمضان میں اپنی زکوٰۃ بینکوں کے ذریعے کٹوائیں اور اس کے علاوہ دوران سال اپنی زکوٰۃ کی رقم محکمہ زکوٰۃ وعشر کے اکاؤنٹس میں جمع کروائیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ اپنی زکوٰۃ کی ادائیگی کے لیے حکومت کے نظام پر اعتماد کرتے ہوئے غریب، نادار اور دکھی انسانیت کی مدد کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں۔صوبائی زکوٰۃ کونسل کی ہدایات کے مطابق ضلع زکوٰۃ انتظامیہ کی جانب سے یومِ زکوٰۃ کے سلسلہ میں واک کی گئی اور زکوٰۃ کی آگاہی سے متعلق عوام الناس میں پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔