ملتان (صفدربخاری) قومی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر سلطان محمود ملک کی صدارت میں اہم اجلاس منعقد ہوا شہر میں جاری سیوریج منصوبوں، بازاروں کی بدترین صورتحال اور عید سے قبل تاجروں کو درپیش سنگین مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں صدر جنوبی پنجاب قومی تاجر اتحاد ملک اکرم سگو، چیئرمین قومی تاجر اتحاد شیخ شفیق، سٹی صدر ملک اقبال جاوید،ضلعی صدر ملک مقبول کھوکھر، یعقوب مغل، ملک امجد سیال، ظفر اقبال، شیخ عمر، مقصود خان، عبدالرحمن، بابا طارق بھٹی، رانا خرم ،حاجی یامین ،ملک الطاف لنگاہ اور ملک محمد عمر سمیت تاجر رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر سلطان محمود ملک نے کہا کہ عیدالاضحیٰ قریب آ چکی ہے مگر ملتان کے مرکزی بازار کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے گھنٹہ گھر، لوہاری گیٹ،چوک بازار، حسین آگاہی بازار ، دولت گیٹ اور دہلی گیٹ محلہ گمنگراں،برانڈ روڈ گلگشت سمیت اہم تجارتی مراکز کو سیوریج منصوبوں کے نام پر کھود کر چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ کام کی رفتار انتہائی سست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بازاروں میں داخلے کے راستے بند ہونے سے خریداروں کا آنا تقریباً ختم ہو چکا ہے اور تاجر شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔صدر جنوبی پنجاب قومی تاجر اتحاد ملک اکرم سگو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اندرون شہر کے تاجروں کو دوہری اذیت کا سامنا ہے۔ ایک جانب بازار کھدائیوں، گردوغبار اور ٹریفک کی بندش سے تباہ حال ہیں جبکہ دوسری طرف رات 8 بجے مارکیٹیں بند ہونے کے باعث کاروبار مزید متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوسیدہ سیوریج لائنیں پھٹنے سے گندا پانی دکانوں اور پلازوں کی بنیادوں میں داخل ہو چکا ہے جس کے باعث رحیم سنٹر اور مدنی سنٹر جیسے بڑے تجارتی مراکز کی عمارتیں متاثر ہو رہی ہیں، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔چیئرمین قومی تاجر اتحاد شیخ شفیق نے کہا کہ تاجروں نے ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کیا مگر موجودہ صورتحال میں تاجروں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوہاری گیٹ، دولت گیٹ، خونی برج اور سرکلر روڑ حسین آگاہی بازار کے علاقوں میں دھول، مٹی اور سیوریج کے پانی نے شہریوں اور تاجروں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر کام مکمل نہ کیا گیا اور متاثرہ پلازوں کی بنیادوں کی مضبوط مرمت نہ کرائی گئی تو تاجروں کا اربوں روپے کا سرمایہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ سٹی صدر قومی تاجر اتحاد ملک اقبال جاوید نے کہا ہے کہ برانڈ روڈ گلگشت طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے،ایسی صورتحال میں تاجروں کے لیے اپنے ملازمین کی تنخواہیں، بجلی کے بھاری بل اور دکانوں کے کرایے ادا کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ روزگار سے وابستہ ہزاروں خاندان شدید پریشانی میں مبتلا ہیں لیکن متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر مرکزی صدر سلطان محمود ملک اور تاجر رہنماؤں نے مشترکہ طور پرکمشنر ملتان سے مطالبہ کیا کہ اندرون شہر جاری ترقیاتی و سیوریج منصوبوں کو فوری مکمل کیا جائے، متاثرہ تجارتی مراکز خصوصاً رحیم سنٹر اور مدنی حسین آگاہی کی بنیادوں میں داخل پانی کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے اور ماہرین کی زیر نگرانی دونوں پلازوںکی مرمت کا کام ہنگامی سطح پر کیا جائے ،بنیادوں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے پلازے زمین بوس ہونے کا خطرہ ہے، تاجروں کو ممکنہ مالی تباہی سے بچانے کیلئے فوری عملی اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر تاجر برادری احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگی۔