ملتان : ملتان یونین آف جرنلسٹس( ایم یو جے) کی جانب سے رحیم یار خان میں سینیئر صحافی جام صغیر احمد لاڑ کے قتل کی مذمت ، صحافی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ ملتان یونین آف جرنلسٹس ( ایم یو جے ) کے صدر رؤف مان ، جنرل سیکرٹری جاوید اقبال عنبر ، فنانس سیکرٹری رانا عرفان السلام ، سابق فنانس سیکرٹری پی ایف یو جے مظہر خان ، پی ایف یو کے ممبر ایف ای سی خالد محمود کھاکھی اور شفقت بھٹہ نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ رحیم یار خان میں صحافی جام صغیر لاڑ کو اندھا دھند فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کردیا گیا ہے جوکہ انتہائی افسوسناک اور صحافی برادری کے لیے باعث تشویش و آزادی اظہار کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ۔ ہم صحافی کے لواحقین کے ساتھ اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں اور صحافیوں کا بیہمانہ قتل ایک المیہ ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو فی الفور صحافی کے قتل کا نوٹس لینا چاہیے جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی اس قتل کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے ۔ ایم یو جے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے ان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے جبکہ اس طرح کے واقعات کے روک تھام اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں ۔