ملتان ( صفدر بخاری سے) پی پی 217 کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے پیپلزپارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ پیپلزپارٹی کے امیدوار ملک ارشد اقبال بھٹہ دستبردار ہونے کیلئے تیار مگر ن لیگ کے امیدوار کی سپورٹ سے گریزاں نظر آنے لگے۔ سید یوسف رضا گیلانی کی ہدایت پر گیلانی ہاوس میں بلائے گئے پی پی 217 کے آج کے اجلاس میں بھی ملک ارشد اقبال بھٹہ نے شرکت نہیں کی۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق پارٹی میں کوئی بڑا اختلاف نہیں ہے۔ ہماری پارٹی میں اختلاف رائے کا احترام کیا جاتا ہے۔ ملک ارشد اقبال بھٹہ طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے آج اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ ملک ارشد اقبال بھٹہ نے پارٹی قیادت کے کہنے پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے مگر انہیں اعتماد میں لیے بغیر ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا جس پر وہ پارٹی قیادت سے ناراض ہیں۔ماضی میں بھی کئی مرتبہ پارٹی قیادت کے حکم پر ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے مگر عین وقت پر پارٹی قیادت اپنا فیصلہ بدل دیتی تھی۔