ملتان: نعیم تائیکوانڈو اکیڈمی کے انسٹرکٹرز اور کھلاڑیوں نے ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب آفس اور سیف سٹی ملتان کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیف سٹی پراجیکٹ کی افادیت اور اہمیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی،سیف سٹی کے انسپکٹر نوید نے وفد کو مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا اور جدید مانیٹرنگ سسٹم، ٹریفک مینجمنٹ اور پبلک سیفٹی کے اقدامات پر روشنی ڈالی،انہوں نے کھلاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری اور ذمہ دار شہری بننے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا،بعد ازاں اکیڈمی کے وفد نے ڈی آئی جی ایڈمن اینڈ اسٹیبلشمنٹ ساؤتھ پنجاب عبدالرب چوہدری، اے آئی جی آپریشنز محمد اجمل اور اے آئی جی انویسٹیگیشن جاوید اقبال سے ملاقات کی، افسران نے خوشگوار ماحول میں بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں کھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی تلقین کی اور دونوں میدانوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کی ہدایت کی،اس موقع پر ایک خوشگوار منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب اے آئی جی آپریشنز محمد اجمل نے ننھے کھلاڑی حسین علی ممتاز کو اپنی نشست پر بٹھایا، جسے بچوں نے خوب سراہا۔ افسران نے بچوں کو اپنے مستقبل کے واضح اہداف مقرر کرنے اور محنت و لگن کے ساتھ آگے بڑھنے کا مشورہ دیا،دورے کے اختتام پر وفد کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا، اکیڈمی کے چیئرمین عابد ممتاز، فنانس سیکرٹری گل بہار خان، انسٹرکٹرز اور کھلاڑیوں نے پبلک ریلیشن آفیسر جاوید اقبال، رانا محمد آصف اور عادل جہانگیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس دورے کو معلوماتی اور یادگار قرار دیا۔