بلدیاتی انتخابات میں تاخیر عوامی مسائل میں اضافے کا سبب: غلام یزدانی گیلانی
ملتان (صفدربخاری سے) سربراہ گیلانی خاندان مرکزی چیئرمین پاکستان تحریک امن مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ دس سے بارہ برس کے دوران بلدیاتی انتخابات کا باقاعدہ انعقاد نہ ہونا تشویشناک امر ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام عوام کے روزمرہ مسائل کے حل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، مگر اس کے نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کے حل کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان عوام کے قریب ترین ہوتے ہیں اور تحصیل، ضلع اور ٹاؤن کمیٹی کی سطح پر عوامی مشکلات کے ازالے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے آخری بار 2015-16 میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوا، جس کے بعد سے یہ نظام تعطل کا شکار ہے۔مخدوم غلام یزدانی گیلانی نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کو چاہیے کہ وہ قانون سازی کے ذریعے ملک میں معاشی استحکام، سیاسی بہتری، امن و امان اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ میری سیاسی، سماجی اور مذہبی سطح پر عوام سے گہری وابستگی ہے اور میں عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔ بلدیاتی ادارے فعال نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جو کہ ایک بڑا مسئلہ ہے۔انہوں نے قومی اخبارات کے نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ حکومت تک یہ پیغام پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں کہ بلدیاتی انتخابات کا فوری انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے۔صوبوں کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام اور مضبوط مرکز کے لیے مزید انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ بالخصوص ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان پر مشتمل خطے کو ریونیو کی بنیاد پر ایک الگ صوبہ بنایا جانا چاہیے، جس کا مقصد صرف انتظامی بہتری اور عوامی سہولت ہو، نہ کہ لسانی بنیاد۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام مختلف زبانیں بولتے اور مختلف برادریوں سے تعلق رکھتے ہیں، مگر سب یکساں محرومیوں کا شکار ہیں۔ صوبے کا نام ملتان، بہاولپور یا ڈیرہ غازی خان میں سے کچھ بھی رکھا جا سکتا ہے، تاہم ہماری خواہش ہے کہ اسے ”مدینۃ الاولیاء” کے نام سے موسوم کیا جائے، جس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔آخر میں انہوں نے حکومت، وزیراعظم، صدر مملکت، وزرائے اعلیٰ اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کیا کہ رواں سال کے اختتام سے قبل ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ضلع کونسل کے چیئرمین اور میونسپل کارپوریشنز کے میئرز کا انتخاب براہ راست عوام کے ووٹوں سے کرایا جائے تاکہ حقیقی عوامی نمائندگی ممکن ہو سکے۔







































Visit Today : 242
Visit Yesterday : 531
This Month : 5219
This Year : 68938
Total Visit : 173926
Hits Today : 2503
Total Hits : 956172
Who's Online : 4























