بنیانِ مرصوص”کی کامیابی پر قومی قیادت کو مبارکباد، حالیہ آپریشن میں شہداء پر اظہارِ افسوس: جماعت اہل سنت کا اہم اعلامیہ
اسلام آباد / لاہور / ملتان / فیصل آباد : جماعت اہل سنت پاکستان صوبہ پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جماعت کے پنجاب کے قائدین پیر سید خلیل الرحمن شاہ بخاری، علامہ محمد فاروق خان سعیدی، صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری، پروفیسر ڈاکٹر صدیق خان قادری، صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی، پروفیسر قاری سلیم اشرف قادری، علامہ قاری محمد قاسم سیالوی،علامہ عبدالغفورسعیدی ودیگر نے افواجِ پاکستان کے اسٹریٹجک منصوبے“بنیانِ مرصوص”کی کامیاب تکمیل اور ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، وزیرِ اعظم اور عسکری و سیاسی قیادت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے قومی استحکام اور عالمی وقار کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔صوبائی قائدین نے حالیہ سیکیورٹی آپریشنز میں افواجِ پاکستان کے بہادر جوانوں کی شہادتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے فتنہ خوارج اور ملک دشمن عناصر کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، جن کا مقابلہ قومی اتحاد اور دینی بصیرت کے ساتھ کیا جائے گا۔ جماعت کے رہنماؤوں نے کہا کہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت نے عالمی سطح پر تنازعات کو صلح و امن میں بدلنے کے لیے جو مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان کوششوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار اور مورال بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اہل سنت ملک کی 70 فیصد آبادی کی نمائندہ، ایک غیر سیاسی اوردرودوسلام والوں کی پرامن جماعت ہے، جس نے تحریکِ پاکستان سے لے کر تعمیرِ پاکستان تک ہر محاذ پر اپنا مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ علما و مشائخ اہلسنت کی خدمات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں اور جماعت ہمیشہ افواجِ پاکستان اور قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی اپنا قومی فریضہ ادا کرتی رہے گی۔ بعد ازاں قائدین نے اعلان کیا کہ“یوتھ اسلامک سٹڈی پروگرام 2026ء”کے پہلے مرحلے کی رجسٹریشن و تیاری کی ڈیڈ لائن جاری کر دی گئی ہے، جبکہ باقاعدہ آغاز گرمیوں کی تعطیلات کے ساتھ ہوگا۔اس پروگرام کے تحت پنجاب کے تمام ڈویژنز، اضلاع اور تحصیلوں میں سمر کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ یونین کونسل سے ضلعی سطح تک مساجد و مدارس میں طلبہ و طالبات کے لیے علیحدہ کلاسز ہوں گی، جہاں قرآنِ مجید (ناظرہ، حفظ، تجوید و قرأت)، عقیدہ توحید، تحفظِ ختمِ نبوت ﷺ، مقامِ مصطفیٰ ﷺ اور اہلِ بیت اطہار و صحابہ کرامؓ کی تعلیمات کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ پروفیسر قاری محمد سلیم اشرف قادری اس پراجیکٹ کے مرکزی فوکل پرسن ہوں گے۔ قائدین نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشی دباؤ نے عام آدمی کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے ملتان سمیت حالیہ افسوسناک واقعات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف اور ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا۔




































Visit Today : 392
Visit Yesterday : 563
This Month : 3119
This Year : 66838
Total Visit : 171826
Hits Today : 2211
Total Hits : 903786
Who's Online : 5






















