پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن اقدام ہے: سید جعفر علی شاہ
ملتان :حکومت کی جانب سے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے ضلعی صدر سید جعفر علی شاہ نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام اور تاجر برادری پر ظلم قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ مہنگائی کے طوفان کو مزید تیز کر رہا ہے، جس کا براہِ راست اثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی کاروباری سست روی، بڑھتے اخراجات اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے، ایسے میں پیٹرول مہنگا کرنا کاروبار کو مزید تباہ کرنے کے مترادف ہے۔
سید جعفر علی شاہ نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھیں گے بلکہ عام آدمی کی قوتِ خرید بھی مزید کم ہو جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ملک میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی اور بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔تجاویز پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ضروری اخراجات میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دے۔پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکسز کم کیے جائیں۔مقامی سطح پر متبادل توانائی کے ذرائع کو فروغ دیا جائے تاکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو۔تاجر برادری کے لیے خصوصی ریلیف پیکج متعارف کرایا جائے تاکہ کاروبار کو سہارا مل سکے۔ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو تاجر برادری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔





































Visit Today : 257
Visit Yesterday : 0
This Month : 257
This Year : 63976
Total Visit : 168964
Hits Today : 1118
Total Hits : 872932
Who's Online : 6




















