ملتان:گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کی تعمیرو ترقی میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تمام محکمے مرحلہ وار منتقل کئے جائیں گے اور سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر بااختیار بنایاجائے گا۔یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے گورنر ہاوس لاہور میں منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے گورنر پنجاب کو بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور جنوبی پنجاب میں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرکے وطن عزیز کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خشک سالی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے چولستان میں مستقل منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں لائیو سٹاک اور ٹور ازم کے فروغ کے لئے کام کیا جائے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی مانیٹرنگ سے محکموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ تعلیم نے ٹرانسجیڈر سکول اور صبح نو سکول کے قیام جیسے منفرد اقدامات کئے ہیں جبکہ محکمہ تعلیم جنوبی پنجاب کو سکول او لمپکس منعقد کرنے اور سٹوڈنس کونسل کے الیکشن کے انعقاد کا امتیاز بھی حاصل ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ زراعت جنوبی پنجاب نے کپاس اور گندم کی پیداوار بڑھانے کے لئے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔اسی طرح مراکز صحت اور ٹی ایچ کیوز کی مانیٹرنگ سے سروس ڈیلیوری میں بہتری آئی اور جنوبی پنجاب میں لا ئیو سٹاک کی ترقی اور شجرکاری کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے” ڈویلپمنٹ ڈائیلاگ” کے انعقاد کا منفرد اعزاز حاصل کیا جس میں بین الاققوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کی بلڈنگ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے جبکہ بہاولپور سیکرٹریٹ کے لئے 400 کنال زمین حاصل کرلی گئی ہے۔