ملتان :  پاکستان مسلم لیگ (ن) سٹی خواتین ونگ ملتان کی جانب سے افواج پاکستان سے اظہار یک جہتی اور معرکہ حق بنیان المرصوص کی سالگرہ پر بھرپور ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت سٹی صدر خواتین ونگ ملتان ثروت خان نے کی جبکہ جنرل سیکرٹری فہمیدہ چوہان، انفارمیشن سیکرٹری افشین سمیت خواتین کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی،ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے اور قومی یک جہتی کے پیغامات درج تھے،خواتین کارکنان “پاک فوج زندہ باد”، “پاکستان پائندہ باد”، “میاں نواز شریف زندہ باد”، “وزیراعظم میاں شہباز شریف زندہ باد” اور “وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگاتی رہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سٹی صدر ثروت خان نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کی ضامن ہیں،پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہیں،جنرل سیکرٹری فہمیدہ چوہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ قومی اداروں کے استحکام اور ملکی سلامتی کے لیے مثبت کردار ادا کرتی رہی ہے،انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت ملک کو ترقی، استحکام اور اتحاد کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہے، انفارمیشن سیکرٹری افشین نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج کے درمیان رشتہ اعتماد، محبت اور قربانیوں پر قائم ہے، خواتین نے اس ریلی کے ذریعے یہ پیغام دیا ہے کہ ملک کے دفاع اور سالمیت کے معاملے پر پوری قوم ایک آواز ہے،ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی کامیابی و سربلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔