ملتان :  عالمی یومِ مزدور کے موقع پر سابق رکن پنجاب اسمبلی اور پیپلزپارٹی رہنما سید احمد مجتبی گیلانی اور سیاسی و سماجی رہنما میاں محمد عظیم سعید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مزدور کسی بھی معاشرے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدور طبقے کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد کی ہے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے۔ بالخصوص ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت میں مزدوروں کے لیے تاریخی اصلاحات متعارف کروائی گئیں، جن میں کم از کم اجرت کا تعین، اوقاتِ کار کی حد بندی، سوشل سیکیورٹی اور اولڈ ایج بینیفٹس جیسے اداروں کا قیام، لیبر کورٹس کی تشکیل اور مزدوروں کو صنعتی منافع میں شراکت دار بنانا شامل ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ بھٹو شہید کی مزدور دوست پالیسیوں نے پاکستان میں محنت کش طبقے کو ایک نئی پہچان دی اور انہیں باعزت مقام دلایا، تاہم افسوس کہ بعد کے ادوار میں ان پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا جس کے باعث آج بھی مزدور طبقہ مسائل کا شکار ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے لیے بنائے گئے قوانین پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مہنگائی کے تناسب سے اجرتوں میں اضافہ کیا جائے اور مزدوروں کو صحت، تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم محنت کش طبقے کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور ایک منصفانہ اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔