ملتان(صفدربخاری سے) نائب امیر جماعت اسلامی ملتان چوہدری اطہر عزیز ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی اور بجلی کے بلوں میں بے جا ٹیکسز کے ذریعے غریب عوام کا مسلسل استحصال کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام مہنگی بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد رشید ، عبد الرحمٰن قریشی ناظم علاقہ اور دیگر ذمہ دران بھی موجود تھے اطہر عزیز ایڈوکیٹ نے کہا کہ فی لیٹر پٹرول پر بھاری ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ بجلی کے بلوں میں جی ایس ٹی، فیول ایڈجسٹمنٹ، نیلم جہلم سرچارج اور دیگر مدات شامل کر کے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈالا جا رہا ہے چوہدری اطہر عزیز ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت ایک طرف عوام سے اربوں روپے اکٹھے کر رہی ہے جبکہ دوسری طرف آئی پی پیز کو کیپسٹی چارجز کی مد میں بھاری ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، چاہے بجلی پیدا ہو یا نہ ہو، جو کہ سراسر ناانصافی ہے انہوں نے کہا کہ شرح سود میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہو رہا ہے اور سودی نظام کے ہوتے ہوئے معاشی بہتری ممکن نہیں۔ حکومت نے سود کے خاتمے کے دعوے کیے تھے لیکن عملی اقدامات اس کے برعکس نظر آ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ حکمران بین الاقوامی دباو ¿ کا جواز پیش کر کے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں جبکہ اپنی مراعات اور اخراجات کم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسان، مزدور اور عام شہری سب ہی ان پالیسیوں سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی اور بجلی کے ظالمانہ ٹیکسز فوری ختم کیے جائیں، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کی جائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوامی مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔