ملتان (صفدر بخاری سے) سپریم کورٹ کے حکم پر بحالی کے بعد میونسپل کارپوریشن ملتان کا پہلا اجلاس ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی میئر حاجی سعید احمد انصاری نے کی۔ تلاوت چوہدری عبدالستار اور روبینہ شاہین نے نعت خوانی کی سعادت حاصل کی میونسپل کارپوریشن ملتان کے پہلے اجلاس میں مہنگائی کے خاتمے اور بلدیاتی اداروں کی مدت معیاد پوری کرنے کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔ایوان میں وقفے وقفے سے گو عمران گو،پنجاب حکومت مردہ باد،نواز شریف زندہ باد،شہبازشریف زندہ باد اور میئر ملتان چوہدری نوید الحق ارائیں زندہ باد کے نعرے بلند ہوتے رہے۔ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ملازمین کو افسران کے کتے ٹہلانے کی ڈیوٹیاں لگیں گی تو شہر کوڑا کرکٹ کا ڈھیر ہی بنے گا۔ چیئرمینوں نے سالڈ ویسیٹ منیجمنٹ کمپنی کے چیف آفیسر فخرالاسلام ڈوگر کے سامنے شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن چوہدری فرمائش کا حکومت کی طرف سے آوارہ کتوں کو مارنے کی بجائے انہیں نارملائز کرنے کے بیان پر چیئرمینوں کے شدید احتجاج پر چیف آفیسر نے کتے مار ٹیم چیئرمین راو مظہر الاسلام کے حوالے کرنے کا اعلان کردیا۔میئر چوہدری نوید الحق ارائیں نے چیئرمینوں کے مطالبے پر تین روز میں ان کے دفاتر کا فرنیچر و عملہ ان کے حوالے کرنے کا اعلان کیا۔ میئر چوہدری نوید الحق ارائیں نے کہا کہ اللہ کی رحمت اور سپریم کورٹ کے حکم پر ہم بحال ہوئے ہیں۔میئرز لاہور،راولپنڈی،بہاولپور اور ملتان کی طویل قانونی جدوجہد سے یہ فیصلہ ہمارے حق میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ذاتی و پارٹی اختلافات بھلا کے ملتان کی تعمیر و ترقی کیلئے ایک ہو کر کام کرنا ہوگا اور دو ماہ میں دوسال کے برابر کام کرنا ہوگا۔ اجلاس کے کنوینئر حاجی سعید احمد انصاری نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی بحالی میں پنجاب کے میئرز اور خاص طور پر میئر ملتان چوہدری نوید الحق ارائیں کا بہت بڑا کردار ہے۔ملتان شہر کی بھلائی کیلئے جو کام رک گئے تھے وہیں سے شروع کریں گے۔ ڈپٹی میئر منور احسان قریشی نے مہنگائی کو کنٹرول اور کم کرنے کی قرارداد پیش کی جسے تمام ممبران نے متفقہ طور پر منظور کیا۔منور احسان قریشی نے کہا کہ ملتان کی تعمیر و ترقی میں میونسپل افسران ہمارے دست و بازو بن کر ملتان کو سنواریں۔ اسلم ہمایوں نے کہا کہ جو افسران ہمارے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالیں ان کیخلاف بھرپور احتجاج کریں گے اور ملتان کے ہر چوک پر ان کے پتلے جلائیں گے۔ واصف بٹ نے کہا کہ ایسے افسران کیخلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے۔ رانا نعیم نے کہا کہ شہر میں گندگی کے انبار ہیں اور سالڈ ویسٹ کمپنی کے ملازمین اپنے افسروں کے کتے ٹہلانے پر مامور ہیں۔ان حالات میں شہر کا اللہ ہی حافظ ہے۔انہوں نے کہا کہ میئر میونسپل کارپوریشن کی جائیدادوں سے قبضے چھڑوائیں اور چیئرمینوں کے دفاتر ،فرنیچر اور عملہ واپس کیا جائے۔ رانا سجاد،جلیل خان بابر،راو مظہر الاسلام اور اختر عالم قریشی،زاہد خان،زاہد قریشی،طاہر اعوان نے بھی سالڈ ویسٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی کی شکایت کی اور صفائی کا عملہ چیئرمینوں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے اگلے اجلاس میں ایم ڈی واسا کو بھی بلانے کا مطالبہ کیا تاکہ انہیں سیوریج کی خراب حالت کے بارے میں بتایا جا سکے۔ یوتھ ممبر محمد رضوان ملک نے قرارداد پیش کی کہ کھیلوں کے میدانوں کو پارکس میں نہ بدلا جائے کیونکہ شہر میں پہلے ہی پلے گراونڈز کم ہیں۔قرارداد منظور کر لی گئی۔ اجلاس میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان،حاجی سعید انصاری کے والد،و دیگر وفات پانیوالے افسران و ملازمین کیلئے دعاء مغفرت اور فاتحہ خوانی کی گئی اور اقلیتی ممبر شوکت مسیح کی وفات پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اجلاس میں آن گوئنگ سکیموں کی تفصیلات طلب کی گئیں اور بقایا جات روکنے کی قرارداد منظور کی گئی۔ملتان کے بیوٹیفکیشن پلان کیلئے 400ملین کی گرانٹ کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں۔شہر کے مختلف چوراہوں پر ٹریفک سگنلز کی خرابی کو دور کرنے اور نئے ٹریفک سگنلز کی تنصیب کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ اجلاس میں رسالت خان شیروانی،اعجاز رجوانہ، چوہدری اقبال،چوہدری افتخار،اعجاز فخر،محمد قسور بھٹی،حاجی عبدالرحیم،شیخ رفیق،حامد ارائیں،فہمیدہ چوہان،نرگس مجید،ملک عبدالرحیم،میاں عبدالواحد،حاجی صدیق انصاری،حاجی خلیل انصاری بھینی والے،رانا امجد،ندیم اکبر شیخ،ڈاکٹر ثاقب دل آویز،حاجی لیاقت،چوہدری اکبر لال،چوہدری غلام سرور انصاری سمیت 48 چیئرمینوں نے شرکت کی۔

میونسپل کارپوریشن ملتان کےاجلاس کی مکمل کاروائی سوسائیٹی نیوزاوریو ٹیوب چینل ایس ایس بی 92ٹی وی (SSB92TV)پر براہ راست دکھائی گئی۔