ملتان (صفدربخاری سے)ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام جنگ/جیو نیوز ملتان کے ملازمین کا تنخواہوں میں اضافے اور تنخواہوں کے تاخیر سے ملنے کے خلاف دوسرے روز بھی مظاہرہ،ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام جنگ/ جیو نیوز آفس نصرت روڈ کینٹ میں ایک مظاہرہ کیا گیا جس میں شرکاء نے دیر تک نعرے بازی کی اور تنخواہوں میں فوری اضافہ اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا، احتجاجی مظاہرہ میں ایم یو جے کے صدر رانا پرویز حمید،جنرل سیکرٹری احتشام مرزا،سابق صدر ایم یو جے اور بیوروچیف جیو نیوز ملک شہادت اسسٹنٹ سیکرٹری پی ایف یو جے عبدالروف مان،شفقت بھٹہ،جاوید عنبر،سہیل چودہری،صفدر بخاری،یاسر بھٹی، عمران چودہری،رانا عرفان،کمال ایوب،محمد اکرام،ایم یو جے کے عہدیداروں اور جنگ/جیو کے ملازمین شریک تھے۔ اس موقع پر ملتان یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا پرویز حمید نے خطاب کرتے کہا کہ جنگ/جیو کے ملازمین کو ان کا حق فوری دیا جائے اور مہنگائی کے تناسب سے وورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔میڈیا کا کام معاشرے کے پسے ہوئے طبقہ کی آواز حکومت تک پہنچانا ہے اور افسوس ناک امر یہ ہے کہ میڈیا وورکرز جو مہنگائی سے براہ راست متاثر ہیں ان کی آواز سننے والا کوئی نہیں اور آج ان کو اپنے حق کے لئے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑ رہا ہے۔ جنگ/جیو مالکان فوری طور پر اپنے وورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان کریں۔