ملتان :  مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، سنیئر وائس چیئر مین شیخ اکرم حکیم، جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر،جنوبی پنجاب کے جنر ل سیکرٹری ذیشان صدیقی،ملتان کے صدر خالد محمود قریشی،جنوبی پنجاب کے نائب صدر شیخ مقصود قریشی، اردو بازاربوہر گیٹ کے صدر چوہدری عبدالحمید جٹ، پرانی سبزی منڈی چوک شہیداں کے صدر رانا محمد اویس، پنجاب کے نائب صدر ملک عمران قیوم بھٹہ، اکبر روڈ کے صدر شیخ محمدشفیق نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار چیخنے چلانے کی بجائے ملکی معیشت کے استحکام اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے سنجیدگی سے ذمہ داری کو پورا کریں تاجر برادری کا نت نئی عوام کش پالیسیوں سے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ڈالرز کی اونچی اڑان اور روپے کی بے قدری کی وجہ سے ملکی معیشت عدم استحکام کا شکار ہو چکی ہے آئی ایم ایف کے ایماء پر بار بار بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کی وجہ سے عام شہری میں قوت خرید کی سکت ختم ہو کر رہ گئی ہے جس کی وجہ سے تجارتی و کاروباری مراکز میں ویرانی کا منظر پوری قوم کے سامنے ہے لیکن نئی تبدیلی کے دعویدار حکمران خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سفید پوش طبقہ بھی پس کر رہ گیا ہے اور گھروں میں فاقوں کی نوبت پہنچ چکی ہے انہوں نے مزید کہا کہ آٹا، گھی،سبزیوں، پھلوں، برائلر کی قیمتوں میں بھی خوفناک اضافے کا رونا پوری قوم رو رہی ہے لیکن پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے تجارتی و صنعتی مراکز تباہ حالی کا شکار ہیں دکانوں پر کام کرنے والے مزدور، محنت کش طبقہ کی نیندیں حرام ہو چکی ہے جس کی وجہ سے تاجر برادری نے مہنگائی مکاؤ، غریب بچاؤ تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لئے تاجر تنظیموں سے رابطے شروع کردیئے ہیں مرکزی تنظیم تاجر ان پاکستان بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خاتمے ملکی معیشت کے استحکام کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں ملکی معیشت کم از کم موجودہ حکومت سے بہتر تھی لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ نت نئے ٹیکسز لگائے جارہے ہیں بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، اشیائے خوردونوش و صرف کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔