ملتان : تحریک انصاف کی رہنما و حلقہ این اے 148 کی امیدوار ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا ہے کہ آج پاکستان کا ڈنکا پوری دنیا میں بج رہا ہے اور ملک کے مثالی کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں لگی آگ کو پھیلنے نہیں دیا بلکہ بروقت سفارتی اقدامات کے ذریعے نہ صرف اسے روکا بلکہ اسے بجھانے کے لیے بھی فعال کردار ادا کیا،قنہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے 10 اپریل کو اسلام آباد کو میزبانی کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے جو پاکستان کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ بندی کسی ایک ملک کی جیت نہیں بلکہ پوری انسانیت کی فتح ہے،کیونکہ اس پر فوری عملدرآمد کے باعث لاکھوں انسانوں کی جانیں محفوظ ہو گئی ہیں، ڈاکٹر روبینہ اختر نے کہا کہ اس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ آج ایران میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور “شکریہ پاکستان” کے نعرے لگا رہے ہیں، جس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے،انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا نام دنیا بھر میں عزت اور وقار کے ساتھ لیا جا رہا ہے اور ملک کا مثبت کردار عالمی سطح پر نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی ذمہ داری، تدبر اور سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ ممکنہ اسلام آباد معاہدہ دنیا کو ایک پائیدار اور دیرپا امن فراہم کر سکے،انہوں نے کہا کہ پورے عالمِ اسلام کو اس امن معاہدے کی کامیابی کے لئے دعا کرنی چاہیے تاکہ وہ منفی قوتیں، جو بظاہر یا پس پردہ امن کے خلاف سرگرم ہیں، شکست سے دوچار ہوں اور خطے میں مستقل امن قائم ہو سکے۔