ملتان: صدر پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ساؤتھ پنجاب محمد اختر بٹ نے ملک بھر میں ادویات کی قیمتوں میں حالیہ غیر معمولی اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی بچانے والی اور روزمرہ استعمال کی ادویات مہنگی ہونے سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں یہ اضافہ عام مریضوں کے ساتھ ساتھ بالخصوص دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کیلئے انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر چکا ہے۔محمد اختر بٹ نے کہا کہ مختلف ادویات کے پرانے اور نئے بیچز کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ متعدد ادویات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، بعض ادویات میں اضافہ 100 فیصد سے بھی زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھائیرائیڈ کی دوا Thyronorm کی قیمت میں تقریباً 241 فیصد جبکہ انسولین ڈیوائس HumaPen Ergo II کی قیمت میں 114 فیصد اضافہ سامنے آیا ہے، جو کہ مریضوں کیلئے نہایت تشویشناک ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر عام استعمال کی ادویات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ Bevidox کی قیمت میں 20 فیصد، CitroSoda میں 17 فیصد اور Tiovair میں تقریباً 15 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ Surbex-Z اور Lice-O-Mite Lotion میں نسبتاً کم اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان کے مطابق اگرچہ بعض ادویات میں اضافہ کم ہے لیکن مجموعی طور پر قیمتوں میں اضافہ عوامی صحت کیلئے خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق CitroSoda کی قیمت 530 روپے سے بڑھ کر 620 روپے، Surbex-Z کی 480 روپے سے 510 روپے، Bevidox کی 500 روپے سے 600 روپے، HumaPen Ergo II کی 2200 روپے سے بڑھ کر 4720 روپے، Thyronorm کی 85.10 روپے سے بڑھ کر 290 روپے، Tiovair کی 805 روپے سے 930 روپے جبکہ Lice-O-Mite Lotion کی قیمت 147.44 روپے سے بڑھ کر 152.06 روپے ہو گئی ہے۔ محمد اختر بٹ نے کہا کہ ذیابیطس، تھائیرائیڈ اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کیلئے ادویات کی قیمتوں میں یہ اضافہ انتہائی نقصان دہ ہے کیونکہ یہ مریض مسلسل ادویات کے استعمال پر انحصار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسولین اور تھائیرائیڈ جیسی بنیادی ادویات کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ مریضوں پر بھاری مالی بوجھ ڈال رہا ہے جس کے باعث کئی مریض علاج ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف بیچز میں قیمتوں کا واضح فرق ادویات کی قیمتوں کے تعین اور نگرانی کے نظام میں موجود کمزوریوں کو ظاہر کرتا ہے، جس کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ صدر پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ساؤتھ پنجاب نے حکومت پاکستان اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس مسئلے کو نظرانداز کیا گیا تو یہ ایک بڑے عوامی صحت کے بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قانونی اور آئینی راستہ اختیار کرے گی اور اس حوالے سے پی سی ڈی اے کے پلیٹ فارم سے بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔