استحکامِ پاکستان کی بنیاد قرآن و سنت کی تعلیمات میں ہے: علامہ صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی
ملتان : بزمِ المعصوم پاکستان کے زیرِاہتمام جامعہ الطافیہ سلطان الذاکرین، گلبرگ ٹاؤن میں تکمیلِ قرآن مجید کے پرنور موقع پر ’جشنِ نزولِ قرآن کانفرنس‘ منعقد ہوئی، جس میں جید علماء، مشائخ عظام اور معتقدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت پیرِ طریقت حاجی خلیل معصومی الطافی نے کی، جبکہ صوبائی ناظمِ اطلاعات جماعتِ اہل سنت پنجاب صاحبزادہ علامہ ذیشان کلیم معصومی الطافی نے کلیدی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں علامہ صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی نے کہا کہ رمضان المبارک، لیلۃ القدر اور نزولِ قرآن وہ عظیم روحانی ستون ہیں جو نہ صرف ایمان بلکہ استحکامِ پاکستان کے اصل محافظ ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ارضِ پاک اللہ تعالیٰ کا وہ خاص عطیہ ہے جس کی بقا اور ترقی صرف اور صرف نظامِ مصطفیٰ ﷺ اور قرآنی قوانین کے نفاذ میں مضمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا، “پاکستان کا قیام ایک معجزہ تھا اور اس کی سلامتی قرآن کریم سے وابستگی میں چھپی ہے۔ کانفرنس کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، بالخصوص مسجدِ اقصیٰ پر حالیہ اسرائیلی حملوں اور نہتے فلسطینیوں پر جاری بدترین تشدد پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ علامہ معصومی نے عالمی برادری اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کی بے حرمتی پوری امتِ مسلمہ کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک کے سربراہان محض مذمتی بیانات کے بجائے عملی اقدامات کریں کیونکہ فلسطینیوں کی نسل کشی عالمی امن کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ مقررین نے موجودہ معاشی حالات کے تناظر میں عوام کو رمضان کے آخری عشرے میں مستحقین کی بڑھ چڑھ کر مدد کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ہمیں ایثار اور غم گساری کا سبق دیتا ہے، اور شبِ قدر کی تلاش کے ساتھ ساتھ اپنے اردگرد موجود سفید پوش طبقے کا خیال رکھنا ہی اصل بندگی ہے۔ تقریب کے دوران نمازِ تراویح میں قرآنِ مجید سنانے کی سعادت حاصل کرنے والے حفاظِ کرام، حافظ مرزا ارسلان بیگ الطافی اور حافظ قاری فہد مدنی کی خصوصی دستار بندی کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر پیر صوفی محمد خلیل الطافی، پیر حاجی مرزا افضال حسین الطافی اور دیگر مشائخ نے ملکی سلامتی، افواجِ پاکستان کی سربلندی اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے رقت آمیز دعائیں کیں۔ کانفرنس سے پیر رانا محمد اقبال الطافی، علامہ عابد سعیدی، صوفی ندیم الطافی، صوفی عقیل الطافی صوفی اسامہ بشیر سمیت دیگر اکابرین نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں شرکاء کے لیے لنگرِ عام کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔ بزم المعصوم کے زیر اہتمام جامعہ الطافیہ سلطان الذاکرین گلبرگ ٹاؤن میں منعقدہ جشن نزول قران کانفرنس سے علامہ صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی،پیر صوفی محمد خلیل الطافی، پیر صوفی مرزا افضال حسین الطافی، پیر حاجی رانا اقبال الطافی، علامہ عابد حسین سعیدی، قاری فہد مدنی باروی، مرزا حافظ ارسلان الطافی،اسامہ سلطان،رانا اسامہ بشیرودیگرخطاب کر رہے ہیں۔





































Visit Today : 571
Visit Yesterday : 475
This Month : 5244
This Year : 53080
Total Visit : 158068
Hits Today : 6843
Total Hits : 707830
Who's Online : 6




















