ملتان: ظالم حکمران عوام کا معاشی قتل بند کریں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ مسترد کرتے ہیں کہ سرائیکی وسیب کے لوگ پہلے ہی مہنگائی سے تنگ آکر بچوں کو زہر دے کر خودکشیاں کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی رانا محمد فراز نون نے مطلوب حسین شاہ بخاری کی قیادت میں آنے والے وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ ایس ڈی پی ملتان میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج ہوا جس میں حکمرانوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ رانا محمد فراز نون نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف کے بجائے تکلیف میں مبتلا کرنے سے گریز کرے۔ مہنگائی میں مزید اضافہ سے عوامی مشکلات بڑھیں گی۔ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ حکمران نمودونمائش کو ترک کرکے سادہ زندگی اپنائیں۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ عوام الناس کیلئے نا قابل برداشت ہے۔ عوام کا مزید بھرکس نہ نکالا جائے۔ مطلوب حسین شاہ بخاری نے کہا کہ عوام نے بہت قربانیاں دے لیں اب حکمران، اشرافیہ، انتظامیہ ملکی خزانہ پر بوجھ کم کرنے کی عادات اپنائیں۔ تمام ریاستی، سرکاری اداروں میں آمدو رفت کیلئے سرکاری بسیں استعمال میں لائی جائیں۔ سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کی ہے گو کہ موجودہ حکومت نے غریب عوام سے آخری نوالا بھی چھین لیا ہے، عوام اب ان کے بہکاوے میں نہیں آئے گی۔ سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ سیاسی مداری روپ بدل بدل کر عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ غریب عوام مہنگائی سے عاجز آچکے ہیں اور پٹرول مہنگا ہونے سے مہنگائی کا نیا جان لیوا طوفان آئے گاکہ پہلے سرائیکی وسیب کے لوگ مہنگائی سے تنگ آکر بچوں کو زہر دے کر خودکشیاں کر رہے ہیں۔