ڈیزل مہنگا، سفر بھی مہنگا،، پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد اضافہ
ملتان : ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن اور گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے کرایوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق ایک ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو مرتبہ اضافہ ہونے کے باعث کرایوں میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ناگزیر تھا، تاہم عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی کے بوجھ کو کم رکھنے کے لیے صرف 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ رانا محمد اصغر صدر پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن جنوبی پنجاب رانا محمد اصغر کا کہنا ہے کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے، گاڑیوں کے اخراجات، سپیئر پارٹس اور دیگر ضروریات کی قیمتیں بھی بڑھ چکی ہیں، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری بن گیا تھا۔ اعلامیے کے مطابق مختلف روٹس کے کرایوں میں 20 فیصد اضافے کے بعد نئے کرائے نافذ کر دیے گئے ہیں۔ مثال کے طور پر ملتان تا لاہور کا کرایہ 1600 سے بڑھا کر 1850 روپے، ملتان تا مظفر گڑھ 450 سے 520 روپے، ملتان تا قصور 1750 سے 2000 روپے، ملتان تا بھکر 1000 سے 1200 روپے، ملتان تا ڈیرہ غازی خان 2200 سے 2500 روپے، ملتان تا تونسہ 1900 سے 2200 روپے، ملتان تا جھنگ 500 سے 600 روپے اور ملتان تا لودھراں 500 سے 600 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو کرایوں میں مزید ردوبدل بھی کیا جا سکتا ہے، تاہم اس وقت عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کم سے کم اضافہ کیا گیا ہے۔





































Visit Today : 571
Visit Yesterday : 475
This Month : 5244
This Year : 53080
Total Visit : 158068
Hits Today : 6811
Total Hits : 707798
Who's Online : 8




















