ملتان (بیوروچیف ) میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) کے مرکزی عہدیداران کا افغانستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشگرودں کیخلاف بھرپور کارروائیاں کرنے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی صدر حنیف عمران بھٹی، جنرل سیکرٹری اظہر حسین ہاشمی، چیئرمین منیر شاہین، سرپرست اعلی عمر فاروق، سینئر نائب صدر صفدر علی بخاری، سینئر وائس چیئرمین میاں مقصود احمد، نائب صدر میاں فیاض، نائب صدر جلیل آصف، سیکرٹری فنانس شہگی پیرزادہ، چیئرمین ماس کور کمیٹی ملک امجد سعید تھہیم، سیکرٹری اطلاعات شہزاد احمد خان، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر شاہد استقلال نے شرکت کی۔ اجلاس میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی بھرپور مذمت کی گئی اور دہشتگردوں کیخلاف افغانستان میں سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کامیاب کارروائیوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور پاک فوج سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) حنیف عمران بھٹی نے کہا کہ افغانستان ہندوستان کے کہنے پر پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی جو کوشش کر رہا ہے اس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے جوابی حملوں میں سینکڑوں دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ مرکزی جنرل سیکرٹری اظہر حسین ہاشمی نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ افغانستان، انڈیا اور اسرائیل کا دہشتگردانہ چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے۔ ہم میڈیا اونرز سوسائٹی کے ذریعے دشمنوں کی سازشوں کو نہ صرف بے نقاب کریں گے بلکہ اس کی مکروہ دہشتگردانہ کارروائیاں بھی دنیا بھر کو دکھائیں گے۔ مرکزی چیئرمین منیر شاہین نے کہا کہ ہندوستان کو پاک فوج نے جو حالیہ شکست فاش دی ہے اور اس کے جہازوں کو انڈیا میں ہی گرا کر جو بیمثال کارنامہ سرانجام دیا ہے اس کی وجہ سے انڈیا اب بارڈر پر جنگ کرنے کی بجائے بزدلانہ دہشتگردی کے واقعات کے ذریعے پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے مگر یہاں بھی اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔پاک فوج نے افغانستان میں دہشتگردوں کو سینکڑوں کی تعداد میں ہلاک کر کے انڈیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان تمہیں ہر محاذ پر شکست فاش دیگا۔ اجلاس میں بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونیوالے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی گئی۔