ملتان (صفدربخاری سے)  کاروباری برادری کی جانب سے موجودہ پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں حکومتِ پاکستان اور مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں سابق صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ محمد حسین نے کہا کہ کاروباری برادری وطن ِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی بہادر افواج کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سرحدوں کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پاک فوج کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں اور پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔خواجہ محمد حسین نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی اشد ضرورت ہے، تاکہ دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔ انہوں نے اپنے بہادر جوانوں کی سلامتی، کامیابی اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کا بھی اظہار کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کاروباری طبقہ ہر مشکل گھڑی میں حکومتِ پاکستان اور مسلح افواج کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ملکی مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھا جائے گا۔