ملتان :  انر ویل کلب ملتان مڈٹاؤن کی صدر حنا چغتائی کی قیادت میں تین رکنی وفد نے اولڈ ایج ہوم شمس آباد کا دورہ کیا جہاں بزرگوں سے ملاقات کی گئی۔ وفد نے بزرگوں کو رمضان المبارک کی آمد پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے ساتھ وقت گزار کر محبت و شفقت کا اظہار کیا۔اس موقع پر وفد کی جانب سے بزرگوں میں افطاری کے سامان پر مشتمل تحائف بھی تقسیم کیے گئے، جن میں شربت کی بوتلیں، کھجوریں، چینی اور پھل شامل تھے۔ اس فلاحی اقدام کو بزرگوں نے سراہتے ہوئے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ وفد میں ڈسٹرکٹ سیکرٹری سعدیہ کرمانی اور سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین و انرویل مڈٹاؤن کی سابق صدر شاہین معظم خاکوانی بھی شامل تھیں۔ ادارہ انچارج سمعیہ منیر نے مہمانوں کا استقبال کیا اور اس کارِ خیر پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر صدر حنا چغتائی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ“رمضان المبارک ہمدردی، ایثار اور خدمتِ خلق کا درس دیتا ہے۔ انرویل کلب کا مشن ہمیشہ معاشرے کے کمزور اور نظر انداز طبقات کی خدمت رہا ہے، اور ہم آئندہ بھی ایسے فلاحی اقدامات جاری رکھیں گے۔ بزرگ ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے دورے نہ صرف بزرگوں کی دلجوئی کا باعث بنتے ہیں بلکہ معاشرے میں محبت، احترام اور بھائی چارے کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ٍ