ملتان/کوٹ ادو : ضلع کوٹ ادو کی سیاسی و عوامی فضا اس وقت خوشی اور جوش و خروش سے معطر ہو گئی جب یہ خبر سامنے آئی کہ سرائیکستان جمہوری پارٹی کی قیادت نے معروف سرائیکی شاعر و سماجی شخصیت بلال امجد گھوگھانی کو ضلع کوٹ ادو کا ضلعی کوآرڈینیٹر نامزد کر دیا ہے۔ اس اعلان کے ساتھ ہی ضلع بھر میں مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور عوامی حلقوں میں ایک نئی امید کی لہر دوڑ گئی۔ بلال امجد گھوگھانی کی رہائشگاہ پر سیاسی و سماجی شخصیات، معززینِ علاقہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھا رہا، جبکہ ٹیلیفونک کالز اور پیغامات کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ ان کا شمار کرنا مشکل ہوگیا۔ اس پُرمسرت موقع پر آنے والے تمام مہمانوں کی بغیر کسی تفریق کے تواضع کی گئی اور مٹھائی تقسیم کر کے خوشی کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے اس موقع پر کہا کہ سرائیکی وسیب کے حقوق کی جدوجہد ایک مقدس امانت ہے اور بلال امجد گھوگھانی جیسے باشعور اور دردِ دل رکھنے والے افراد کی قیادت اس مشن کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے مرکزی چیئرمین پیر آف ملتان شریف مخدوم سید مہدی الحسن شاہ ۔۔مرکزی صدر فرزند سرائیکستان سردار ظفر اللہ خان ملغانی کی قیادت۔۔ مرکزی ترجمان و صدر علماء ونگ قاری محمد امین فریدی ۔۔ مرکزی سیکرٹری جنرل دلدار حسین بلوچ کی زیر نگرانی میں جاری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وسیب کے عوام اپنے حقوق کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سرائیکی صوبہ کا قیام وقت کی اہم ضرورت اور وسیب کے ہر فرد کی آواز بن چکا ہے، اور اس مشن کی تکمیل کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔