ملتان(صفدربخاری سے) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے سالانہ انتخابات 28 فروری 2026 کو منعقد ہوں گے۔ الیکشن بورڈ کے چیئرمین سید ریاض الحسن گیلانی، جنرل سیکرٹری صفدر سرسانہ سیال اور ممبران اظہر حیات، فہیم گردیزی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتخابی شیڈول اور امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی۔ الیکشن بورڈ کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ پر جنرل سیکرٹری کے امیدوار جواد جعفری نے خود الیکشن سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے اپنے کاغذات واپس لے لیے۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق صدارت کیلئے 2 امیدوار، نائب صدر کیلئے 6 امیدوار، جنرل سیکرٹری کیلئے 2 امیدوار، فنانس سیکرٹری کیلئے 3 امیدوار، لائبریری سیکرٹری کیلئے 2 امیدوار جبکہ ایگزیکٹو ممبر کی 7 نشستوں کیلئے 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ الیکشن بورڈ نے بتایا کہ ہر شہر کیلئے علیحدہ پولنگ بوتھ قائم کیا جائے گا جبکہ ملتان کے ووٹرز کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث انہیں مختلف بوتھز پر تقسیم کیا جائے گا۔ ووٹر کیلئے قومی شناختی کارڈ اور پنجاب بار کونسل کا کارڈ لانا لازمی ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پولنگ کے روز ہی ووٹوں کی گنتی مکمل کرکے نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔