ملتان: رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد پر معروف سماجی رہنما و قانون دان ملک محمد مظفر اٹھنگل نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ماہِ رمضان رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس مہینے میں مسلمان زیادہ سے زیادہ عبادات، روزہ، تلاوتِ قرآن اور ذکر و اذکار کا اہتمام کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور مغفرت حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ رمضان المبارک صرف عبادات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایثار، ہمدردی اور بھائی چارے کا درس بھی دیتا ہے۔ صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ وہ غرباء، مساکین اور مستحق خاندانوں کا خصوصی خیال رکھیں اور ان کی ضروریات پوری کرنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ملک محمد مظفر اٹھنگل ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں ضرورت مند افراد کی مدد کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ زکوٰۃ، صدقات اور عطیات کے ذریعے معاشرے کے کمزور طبقات کی معاونت کریں تاکہ سب لوگ رمضان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہو سکیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مبارک مہینے کی برکتوں سے ہم سب کو مستفید فرمائے اور ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی عطا کرے۔