لاہور/ملتان: میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گزشتہ روز مخدوم ہاؤس لاہور میں سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کی۔ وفد میں میڈیا اونرز سوسائٹی کے مرکزی صدر حنیف عمران بھٹی، جاوید تنویر ، ملک امجد سعید تھہیم اورایگزیکٹوایڈیٹر سوسائٹی نیوزملک ارشد اقبال بھٹہ بھی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد کے اراکین نے مخدوم سید احمد محمود کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) کے وفد نے مخدوم سید احمد محمود کو تنظیم کے قیام، اغراض و مقاصد اور میڈیا اونرز کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ چئرمین کور کمیٹی (ماس) ملک امجد سعید تھہیم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا اونرز سوسائٹی ملک بھر میں میڈیا اداروں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ میڈیا اونرز سوسائٹی کے مرکزی صدر حنیف عمران بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں میڈیا انڈسٹری کو جن معاشی اور انتظامی چیلنجز کا سامنا ہے، ان کے حل کے لیے میڈیا اونرز سوسائٹی ایک منظم اور فعال پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے میڈیا اونرز سوسائٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد، مضبوط اور ذمہ دار میڈیا کسی بھی معاشرے کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے میڈیا اونرز سوسائٹی کے رہنماؤں کو میڈیا سے متعلق امور میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے موقع پر عبدالقادر شاہین، خواجہ رضوان عالم، ملک ریاض سامٹیہ، راو ساجد علی، ریاض حسین بخاری، حاجی بلال احمد سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔