ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر عقیدت، درد اور عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے
اسلام آباد: آج ملک بھر میں کشمیری عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی، ان کی جدوجہدِ آزادی اور بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ یکجہتی کشمیر عقیدت، درد اور عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیری عوام اپنی حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں تنہا نہیں اور پاکستان ہر فورم پر ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر بھر میں خصوصی تقاریب، جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں بھارتی مظالم کی مذمت اور مسئلہ کشمیر کو عالمی ضمیر کے سامنے اجاگر کیا جا رہا ہے۔ کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ وادی کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا، جبکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی کشمیری عوام کے ساتھ آواز ملا رہے ہیں۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں چھ لاکھ سے زائد کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں۔ صرف گزشتہ 34 برسوں میں 96 ہزار سے زائد کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے، 7 ہزار سے زیادہ افراد دورانِ حراست شہید ہوئے جبکہ ایک لاکھ سے زائد بچے شفقتِ پدری سے محروم کر دیے گئے۔ 5 اگست 2019 کے بعد بھارتی مظالم میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 966 کشمیری شہید، 25 ہزار سے زائد گرفتار کیے گئے جبکہ ہزاروں افراد کو عقوبت خانوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جنوری 2025 میں بھی ریاستی جبر کا یہ سلسلہ نہ رک سکا اور مزید بے گناہ کشمیریوں کی جانیں لے لی گئیں۔ یومِ یکجہتی کشمیر اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ قوم اس یقین کے ساتھ یہ دن منا رہی ہے کہ وہ وقت ضرور آئے گا جب وادیٔ کشمیر میں آزادی کا سورج پوری آب و تاب سے طلوع ہوگا۔







































Visit Today : 220
Visit Yesterday : 475
This Month : 4893
This Year : 52729
Total Visit : 157717
Hits Today : 1540
Total Hits : 702527
Who's Online : 7




















