ملتان (بیورو رپورٹ) ملتان یونین آف جرنلسٹس (MUJ) ملتان کے سال 2026 کے انتخابات کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جس میں تمام امیدوار مختلف نشستوں پر بلامقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی طاہر ندیم اور کمیٹی کے اراکین عامر مشتاق اور زین العابدین کے مطابق یونین کی مجموعی طور پر 17 نشستوں کے لیے 34 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم جانچ پڑتال اور واپسی کے مرحلے میں مختلف نشستوں پر 17 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے، جس کے نتیجے میں باقی تمام امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو گئے۔ نتائج کے مطابق صدر کی نشست پر احتشام الحق، نائب صدور کی دو نشستوں پر شاہد سیٹھو اور سہیل نیاز، جنرل سیکرٹری کے عہدے پر جاوید اقبال عنبر، جوائنٹ سیکرٹری کی دو نشستوں پر مکرم علی خان اور عباس علی ڈوگر جبکہ فنانس سیکرٹری کے عہدے پر وسیم شہزاد بلامقابلہ کامیاب قرار پائے۔ اسی طرح مجلسِ عاملہ کی دس نشستوں پر ملک فرید، چوہدری عبدالوسیم، صفدر بخاری، طاہر لطیف، سہیل چوہدری، ملک اعظم، مہر رضا سیال، تنویر گیلانی، رانا سلیمان ضمیر اور سہیرہ طارق بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔ الیکشن کمیٹی کے چیئرمین طاہر ندیم اور اراکین عامر مشتاق و زین العابدین نے تمام نومنتخب عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نو منتخب قیادت صحافتی اقدار، آزادیٔ صحافت اور پیشہ ورانہ معیار کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ نئی باڈی اتحاد، ہم آہنگی اور باہمی مشاورت کے ذریعے ملتان کے صحافیوں کے مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔