ملتان: سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا محمد فراز نون، مرکزی صدر عنایت اللہ مشرقی،ملک ظفر ہانس، مطلوب بخاری، شاہ نواز مشوری، باسط سلطان کھر،ملک اجمل مسن، بشیر احمد یوسفزئی اور شعیب الحسن نے مشترکہ بیان میں ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرائیکی وسیب کے زرخیز اور مردم شناس خطہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کسی قیمت پر منظور نہیں۔ جب مردم شماری آتی ہے تو وزیر محسود قبائل اپنے آپ کو وزیرستان کے رہائشی رجسٹرڈ کرواتے ہیں لیکن چوری،ڈکیتی،قتل رہزنی غیر قانونی تجارت اور دہشت گردی کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی سرزمین استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری انتظامیہ ایسے غیر قانونی دہشت گرد رہائشی افراد اور ان کے سہولت کاروں کو فی الفور ڈیرہ اسماعیل خان سے شہر بدر کرے اور وسیب کے امن و امان کو محفوظ بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی فرقہ وارانہ فسادات کی آڑ میں ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے سرائیکی آبادی کی دوسرے علاقوں میں جبری بے دخلی کر کے ان کی زرعی اراضی اور دوسری املاک و شہری جائیدادیں پشتون قبائل نے اپنے قبضے میں لے لیں۔ان عناصر نے قتل و غارت اور خوف و ہراس پھیلا کر سرائیکی آبادی کا تناسب ممکنہ حد تک کم دیا ہے۔ سیکورٹی ادارے وسیب کے زرخیز اور مردم شناس خطہ میں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے اور سر شام ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے علاقے ان دہشت گرد گروپوں کے قبضے میں آ جاتے ہیں۔ سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں حالیہ دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ حالیہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے اور وسیب کو پرامن بنانے میں اپنے فرائض سرانجام دے۔