ملتان:  نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) ملتان کے زیر اہتمام چاہ دورغے والا، موضع علمدی سورہ میں جھیگوں میں رہائش پذیر ناخواندہ مرد و خواتین اور بچوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے جھگی اللہ ڈتہ میں ای او ٹی او (EOTO) سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں سابق کونسلر رانا انیس، ملک فیض رسول اور گورنمنٹ اسلامیہ جعفریہ سکول کے ہیڈ ٹیچر مرید حسین سمیت علاقہ معززین نے شرکت کی۔جبکہ فیلڈ آفیسر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ زاہد علی صدیقی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور معاشرے کی پسماندگی دور کرنے کے لیے خواندگی کا فروغ ناگزیر ہے۔ نے کہا کہ ای او ٹی او سنٹر میں بالغ مرد و خواتین کو بنیادی تعلیم کے ساتھ ساتھ سماجی شعور بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ عملی زندگی میں بہتر فیصلے کر سکیں۔ اور اُن کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے مستقل بنیادوں پر اُستاد کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ رانا انیس، ملک فیض رسول، مرید حسین نے این سی ایچ ڈی کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے مزید تعلیمی مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ پسماندہ علاقوں میں شرح خواندگی میں اضافہ ممکن ہو سکے۔ این سی ایچ ڈی کا یہ اقدام جھیگوں میں رہنے والے مرد و خواتین کے لیے تعلیم کے نئے دروازے کھولے گا اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔آخر میں کتابیں فراہم کی گئی۔